| اسمبلی کا وقت ختم ہونے میں ایک دو ماہ رہ گئے ہیں اس وقت قاضی صاحب کا استعفیٰ دینا کیا ایک سیاسی ڈھونگ ہے؟ |
| چوہدری احمد دین:گوجوانوالہ |
|
جماعت اسلامی نے ہمیشہ قرآن وسنت کی تعلیمات کی روشنی میں اصولی سیاست کی ہے، اسمبلیوں سے استعفیٰ بھی اسی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ اسمبلی کی مدت بے معنی چیز ہے۔ محترم قاضی صاحب نے لال مسجد کے حوالے سے حکومتی کارکردگی پر احتجاج کے طور پر استعفیٰ دیا ہے۔ آپ انہی اخبارات میں اسمبلی کی مدت بڑھانے کی باتیں بھی تو پڑھ رہے ہیں۔ اور پھر کسی بھی دوسرے فرد نے اس جاتی ہوئی اسمبلی کو اس طرح خیر باد تو نہیں کہا۔ جماعت نے کبھی بھی سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے اقدامات نہیں کیے بلکہ سیاسی رویوں کو نہ اپناتے ہوئے اکثر اپنا نقصان کیا ہے۔ آپ کو اطمینان رکھنا چاہیئے کہ ہمارا ہرقدم اللہ علیم و خبیر کو حاضر و ناظر جان کر اٹھایا جاتا ہے |
| لال مسجد اور مدرسہ پر جماعت اسلامی کا جورول ہونا چاہیئے تھا وہ نظر نہیں آیا ۔ میںایک پرانا جماعت کا چاہنے والا ہوںلیکن اب مجھ کو جماعت وہ جماعت نہیں لگتی جو مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی اور میاں طفیل محمد کے زمانے میں تھی؟ |
| ریاض احمد :کراچی |
|
لال مسجد کے حوالہ سے معلوم نہیں آپ کیا کردار جماعت اسلامی سے توقع کررہے تھے یہ تو آپ جانتے ہیں۔ جماعت اسلامی وطن عزیز میں پرامن جدوجہد کے ذریعہ فکرونظر کی تبدیلی پیدا کرکے انقلاب و امامت کی راہ پر چل رہی ہے۔اور اسے ہی ملک و ملت کے مفاد میں تصور کرتی ہے۔ اس سلسلہ میں آپ مولانا مودودی کی تعلیمات کا مطالعہ فرمائیں ، اسی مطالعہ کے نتیجے میں آپ کو کل اور آج کا فرق بھی دور ہوتا محسوس ہوگا، لیکن مطالعہ شرط ہے |
| کیا آپ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف اگر دوبارہ وزیر اعظم بنے تو جماعت کے لوگوں کے ساتھ یہ وہی سلوک نہیں کریں گے جو واجپائی کے وقت ہوا تھا۔ ہم اتنے معصوم کیوں ہیں؟ |
| ییدار بٹ:سیالکوٹ |
|
جماعت اسلامی ہمیشہ ذاتی اور جماعتی مفادات پر قومی و ملی مفادات کو ترجیح دیتی ہے۔ میاں محمد نواز شریف صاحب سے جوبھی بات چیت چل رہی ہے وہ قومی و ملی تقاضوں کے حوالہ سے ہورہی ہے۔ یہاں جس نے کل جوکیا آج وہ اس کو بھگت رہا ہے۔ آئندہ جو ہوگا اسے بھی آئین و قانون اور اخلاق کی کسوٹی پر پرکھا جائے گا۔ ذاتی حوالوں سے دشمنی اور عناد کو مسلسل قائم رکھنا صحت مند رویہ نہیں ہے |
| موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ صدارت کاووٹ لینے کی صورت میں مجلس عمل کا کیا رد عمل ہوگا؟ |
| خالقداد:تلہ گنگ |
| پرویز مشرف کی حکومت غیر آئینی ہے اس لیے مجلس عمل نے اس کے ہر غیر آئینی اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت کی۔ اور اب یہ کشمکش فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ موجودہ حالات میں بظاہر ممکن نہیں کہ حکومت مزید ایک بحران سے دوچار ہو۔ لیکن اگر انہوں نے یہ کوشش کی تو مجلس عمل پوری قوم اور عوام کے ساتھ مل کر حکومت اور آمریت کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکے گی۔ |
| مجلس عمل انڈیا کے ساتھ حکومت کی موجودہ افہام وتفہیم کی پالیسی کے خلاف کیوں ہے۔ |
| ذوالفقار:مریدکے |
| مجلس عمل افہام وتفہیم اور مذاکرات کی مخالف نہیں بلکہ اس کا موقف یہ ہے کہ انڈیا سے یا کسی دوسری طاقت سے برابری اور مساوات کی بنیاد پر مذاکرات کیے جائیں نہ کہ ان سے دب کر۔بالخصوص انڈیا نے تو پاکستان کی شہ رگ کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے ۔ اور پوری کشمیری قوم انڈیا کے خلاف آزادی کے لیے برسر پیکار ہے ۔ اس لیے انڈیا سے مذاکرات اسی وقت ممکن ہیں کہ جب کشمیر کے مسئلہ کو کشمیری قوم کی مرضی کے مطابق حل نہ کرلیاجائے۔ |
| جماعت اسلامی کی سیاست کے بنیادی اصول کیا ہیں |
| زہیر نور:راولپنڈی |
| جماعت اسلامی محض سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک اسلامی تحریک ہے۔ اس لیے اس کے سیاسی اصول و ضوابط کا سرچشمہ قرآن وسنت اور سیرت محمدی صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔ |
| ملک میں پھیلی ہوئی صوبائی منافرت کا کیا حل ہے؟ |
| بلاول بلوچ:کوئٹہ |
| اس وقت پاکستانی قوم نہ صرف صوبائی منافرت بلکہ قومی و لسانی اور علاقائی تعصبات کی بنا پر انتشار کا شکار ہے۔ جس کاواحد حل صوبوں کو ان کے حقوق کی ادائیگی اور قوم کے اندر اسلامی بھائی چارے کی فضا پیدا کرنا ہے۔ |
| ملک میں موجودہ بدامنی اور مہنگائی کا حل کیا ہے؟ |
| جاوید اقبال:شیخوپورہ |
| پاکستانی قوم ا اس وقت نہ صرف بدامنی اور مہنگائی کے عفریت کا شکار ہے بلکہ اب تو اس کے وجود اور اس کی نظریاتی اساس پر دشمن حملہ آور ہے۔ ان تمام خطرات سے نپٹنے کے لیے ضروری ہے کہ قوم ایک امت بن کر اسلام کے پرچم تلے دشمنان اسلام وپاکستان کے سامنے صف بستہ ہوجائے۔ |
| متحدہ مجلس عمل کیوں بنائی گئی؟ |
| زین العابدین:لاہور |
| نائن الیون کے بعد عالم اسلام اور بالخصوص پاکستان میں جو شدید بحران پید اہوگیا۔اس صورتحال میں امت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے مجلس عمل وجود میں آئی۔
|
|